بھٹکل:9؍ ستمبر(ایس اؤ نیوز)اترکنڑا ضلع کے موگیر طبقہ کو ریزرویشن دینے کے سلسلےمیں سرکاری سطح پر جو پیچیدگی پیدا کی گئی ہے اس کو دور کرنے کےلئے ریاستی حکومت کی طرف سے میسور زون کے زونل کمشنر آئی اے ایس آفیسر جی سی پرکاش کی قیادت میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی اس کے صدر اور ممبران نے بھٹکل کا دورہ کرتےہوئے موگیر سماج کے متعلق جانکاری حاصل کی اور اے سی دفتر میں اخبارنویسوں سے گفتگو کرتےہوئے کارروائی کی تفصیلات بتائیں۔
اے سی دفتر میں بات کرتےہوئے کمیٹی کے صدر جی سی پرکاش نے کہاکہ ہر ایک سماج اور طبقے کے اپنے ہی رسم و رواج ہوتےہیں ان کی تاریخ ہوتی ہے اسی طرح موگیر سماج کے رسم و رواج ، تہذیب اور تاریخ کا مطالعہ کریں گے ، اس کی جانکاری لیں گے پھر اس پر منحصر ایک رپورٹ حکومت کو سونپیں گے۔ حکومت نے کمیٹی کو تین ماہ کا وقت دیا گیا ہےہمیں امید ہےکہ ہم اگلے دو ماہ میں رپورٹ سونپ دیں گے۔

حکومت نے موگیر سماج کو دی جانے والی ریزرویشن میں جو پیچیدگیاں پیدا ہوگئی ہیں اس کے مطالعہ کے لئے آئی اے ایس آفیسر میسور زون کے زونل کمشنر جی سی پرکاش کی صدارت میں پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ اس میں ممبران کے طورپردکشن کنڑا ضلع پنچایت سی ای اؤ شری کمار، اترکنڑا ضلع پسماندہ طبقات فلاح وبہبودی کے ڈی سی ، میسور زون کے علم بشریات (Anthropology)کے پروفیسر گنگادھر اور اترکنڑا ضلع سماجی فلاح وبہبودی محکمہ کے ڈپوٹی ڈائرکٹر کوشامل کیاگیا ہے۔
اخبارنویسوں کو تفصیلات فراہم کرنے کے موقع پر بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ممتادیوی اور تحصیلدار ڈاکٹر سومنت موجود تھے۔
موگیر طبقے کے وکیل ناگراج نے اخبارنویسوں کو بتایا کہ سرکاری کمیٹی کے ممبران کے ساتھ ہماری تفصیلی گفتگو ہوئی ۔ انہوں نے ہم سے دستاویزات کا مطالبہ کیا تو ہم نے موگیر سماج کو ملنے والی ریزرویشن کے متعلق سبھی دستاویزات کمیٹی کو سونپے ہیں ۔ اس موقع پر کمیٹی نےہم سےکہاکہ موگیر سماج کی طرف سے جو دستاویزات دی گئی ہیں اس کا ہم مطالعہ کریں گے اور مزید جانکاری چائیے تو ہم دوبارہ آپ سے بات چیت کریں گے ۔ اس کے بعد ہی حکومت کو رپورٹ سونپنےکی بات کہی۔ وکیل ناگراج نے بتایا کہ موگیر سماج کادھرنا جاری رہے گا۔
کمیٹی کے صدر سمیت سبھی ممبران نےدھرنے کے جائے وقوع کا دورہ کرتےہوئے موگیر سماج کے ذمہ داران سےملاقات کے بعد گفتگو کرتےہوئےبتایا کہ ہم کمیٹی کے ممبران موگیر سماج کی طرف سےجو کچھ دستاویزات دئیے گئے ہیں اس کا مطالعہ کریں گے ضرورت ہوئی تو دوبارہ آپ سے تفصیل طلب کریں گے اگلے دوماہ کے اندر ہم اپنی رپورٹ حکومت کو سونپیں گے۔ ہماری موگیر سماج سےدرخواست ہے کہ بارش کاموسم ہے، بچے اور عورتیں ہیں دھرنا کو ختم کریں تو بہتر ہوگا بہر حال فیصلہ آپ کا ہے۔ اس موقع پر موگیر سماج کے ذمہ داروں نےجلدی رپورٹ سونپنے کی بات کہی تو کمیٹی نےکہاکہ ہم نے دو ماہ کا وقت لیا ہے ہوسکے تو ایک ماہ میں ہی سونپیں گے۔